ایک نیوز نیوز: عدالتِ عالیہ نے مبینہ بیٹی چھپانے پر نااہلی سے متعلق کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی مبینہ بیٹی کو کاغذات میں ظاہر نہ کرنے سے متعلق نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت دے دی۔
ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نااہلی کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی طرف سے سلمان اکرم راجہ، ابوذر سلمان نیازی اور اظہر صدیق کا مؤقف سنا جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل بھی اس موقعے پر حاضر ہوئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹیریان کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے ہی فیصلہ سنایا جاچکا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اپنا جواب جمع کرائیں۔ وکیل کا وکالت نامہ آچکا ہے، جواب کیلئے مہلت دی جارہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کی بیٹی کا معاملہ کئی بار کمیشن میں آیا اور درخواستوں کو مسترد کیا جاچکا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمے کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔