ایک نیوز نیوز: دھند کی وجہ سے پروازوں کی تاخیر نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مچھلی منڈی بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق پروازوں کی تاخیر کے باعث ائیرپورٹ پر شدید رش لگ گیا۔ دھند کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک آمدورفت کی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دھند ہلکی ہونے پر متعدد پروازیں اترنے سے بھی ائیرپورٹ لاؤنج بھر گئے ہیں۔
رش بڑھنے کے بعد ائیرپورٹ حکام نے مسافروں کے ساتھ آنے والےزیادہ افراد کو باہر ہی روک دیا۔
بتایا گیا ہے دوحہ، راس الخیمہ اور لندن سے آنے والی پروازیں ایک ساتھ ائیرپورٹ پر اتر گئیں۔ جس کی وجہ سے مسافروں کے رش میں اضافہ ہوا۔
اس سے قبل دھند کی وجہ سے استنبول سے لاہور آنے والی پرواز کو صبح اسلام آباد اتار دیا گیا تھا۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہےکہ استنبول سے اسلام آباد اتاری گئی پروازیں بھی کچھ دیر میں لاہور لینڈ کروائی جائیں گی۔