نمبر گیم مکمل، آصف زرداری کے نوازشریف اور شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطے

Dec 20, 2022 | 13:10 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: پنجاب اسمبلی کے تخت کا معاملہ ،  پنجاب کا قلعہ فتح  کرنے کیلئےمفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری متحرک  ہوگئے ہیں۔ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں بڑے فیصلے کرلئے گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق  آصف علی زرداری  نے لندن میں رہائش پذیر سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ  کیا ۔ دونوں رہنماؤں میں  پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے مشاورت  ہوئی۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے نواز شریف سے تحریک عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ پر جوڑ توڑ  سے متعلق حتمی مشاورت کی ۔ اس کے علاوہ  چودھری شجاعت کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا ۔ 

دونوں رہنماؤں  نے پنجاب اسمبلی کے مستقبل کے حوالے سےمشترکہ لائحہ عمل پر  اتفاق کیا اور ملکر تحریک انصاف اور ق لیگ کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم شہبازشریف سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے پہلے دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا  ۔ 

آصف زرداری نے اپنے سیاسی رابطوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ دونوں رہناؤں نے اتفاق کیا کہ  ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ 

ادھر دوسری  جانب گورنر کی جانب سے اعتماد  کے ووٹ کی ہدایت  پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔گورنر پنجاب نے کل پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی اسمبلی اجلاس بلانے یا نہ بلانے پر تذبذب کا شکار  ہوگئے ہیں۔ 

اسی سلسلے میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے قانونی ماہرین سے رائے طلب کر لی ہے۔ اسپیکر سبطین خان کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا حکم غیر آئینی ہے ۔

مزیدخبریں