ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیوں کی تحلیل کا آخری کارڈ کھیل چکے اور اب ان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان پر الزام لگایا کہ اگر وہ خود حکومت نہیں چلا سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے۔
عمران خان محسن کش شخص ہیں اور انہی کو گالیاں دے رہے ہیں جنہوں نے ہر قدم پر انہیں سہارا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ گھٹیا بات اور کوئی نہیں ہو سکتی کہ اپنے محسنوں کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے جائیں۔
خواجہ آصف نے موجودہ ملکی حالات کا ذمہ دار پچھلی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کچھ عرصہ مزید نکال جاتے تو شاید ملک نہ بچ پاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اُن کے لگائے زخم ابھی تک رس رہے ہیں اور ہم اِن پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ان ( عمران خان) کی اب بھی یہ کوشش ہے کہ ملک زخمی حالت میں رہے۔ان کی نیت یہ ہے کہ اگر میں حکمران ہوں تو ملک رہے اور نہیں رہوں تو ملک جائے بھاڑ میں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
خواجہ آصف نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے جن لوگوں پر تکیہ کیا انہوں نے کبھی ڈوبتے لوگوں کا ساتھ نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیراعلٰی اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ چکی ہے اور اس کا نتیجہ دو تین روز میں سامنے آ جائے گا۔