کےٹوکلین اپ مہم: وزیراعلیٰ پنجاب کا 15 لاکھ کی گرانٹ کا اعلان

Dec 20, 2022 | 11:13 AM

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے معروف کوہ پیما ساجد علی سد پارہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساجد علی سدپارہ کی کوہ پیمائی میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ 

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ساجد علی سدپارہ کی ”کے ٹو کلین اپ“ مہم کے لئے   15 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ساجد علی سدپارہ نے بغیر آکسیجن کے ٹو سر کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ آپ جیسے باہمت نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں۔ کوہ پیمائی بلند ہمت نوجوانوں کاکھیل ہے۔ آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پہاڑ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ قدرتی ماحول برقرار رکھنے کے لئے ”کے ٹو کلین اپ“ مہم کو پورا سپورٹ کرتے ہیں۔ 

اس موقع پر ساجد علی سدپارہ کا کہنا تھا کہ کوہ پیمائی کے فروغ اور کے ٹو کلین اپ مہم کے لئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا تعاون قابل تحسین ہے۔ اس مہم کے تحت کیمپ 4 سے بیس کیمپ تک ویسٹ ختم کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کوہ پیمائی کے فروغ کے لئے کے ٹو کی صفائی کی مہم شروع کر رہے ہیں۔ مقامی اور انٹرنیشنل کوہ پیماؤں کے ساتھ مل کر کے ٹو کو صاف کیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ 24 سالہ کوہ پیما ساجدعلی سد پارہ دو مرتبہ آکسیجن کے بغیر کے ٹو سر کر چکے ہیں۔ کوہ پیما ساجدعلی سد پارہ نیپال میں مناسلو چوٹی سرکرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ ساجد علی سد پارہ گشہبرون چوٹی ساڑھے تین دن میں سر کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ 

کوہ پیما ساجد علی سد پارہ نے کے ٹو کو کلین مہم کیلئے گرانٹ کے اعلان پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر اور کوہ پیما محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں