فرانس کی شکست کے بعد کریم بنزیما کا ریٹائر منٹ کا اعلان

فرانس کی شکست کے بعد کریم بنزیما کا ریٹائر منٹ کا اعلان

ایک نیوز نیوز: قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست کے بعد فرانس کے اسٹار فٹبالر کریم بینزیما نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ جیتا۔لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ مقررہ وقت میں میچ 2-2 سے برابر رہا جبکہ اضافی وقت میں 3-3 سے برابر ہوا۔  فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا جس میں ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔

ارجنٹینا کے خلاف  فرانس کی شکست کے بعد ورلڈکپ سے قبل انجری کا شکار ہونے والے فرانس کے اسٹرائیکر کریم بینزیما نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

کریم بینزیما ورلڈکپ سے قبل  ٹریننگ کے دوران انجری کا شکار ہو کر فیفا ورلڈ کپ 2022 سے باہر ہوگئے تھے۔

فرانس کی ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست کے بعد کریم بینزیما نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ 'میں نے کوشش  کی اور غلطیاں بھی، جو مجھے اس جگہ لے آئیں جہاں میں آج ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے'۔

بینزیما 2014 کے ورلڈ کپ میں فرانس کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی تھے۔انہوں نے فرانس کی جانب سے97 انٹرنیشنل میچز  کھیلے جس میں انہوں نے37 گولز کیے۔

 اس کے علاوہ  بینزیما کو 2022 میں اسپین کے فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کو چیمئینز لیگ اور لا لیگا جتوانے پر پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا اور انہیں بیلون ڈی اور  گولڈن بال کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔