ایک نیوز نیوز :کراچی سے اغواء ہونے والی کم عمر بچی کے مقدمے میں بچی کے والد مہدی کاظمی نے عدالت میں دعویٰ کیا ہے کہ میری بیٹی گھر واپس آنا چاہتی ہے، اس سلسلے میں میری بیٹی نے خطوط بھی لکھے ہیں جو میرے پاس ہیں۔
تفصیلات کےمطابق کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی میں کم عمر بچی کے مبینہ اغواء سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی منتقلی سے متعلق سیشن عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہوتا تب تک تاریخ دی جائے۔مدعی مقدمہ کے وکیل نے کہا کہ ملزم کی جانب سے کیس کو زیرِ التواء رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ صرف تاخیری حربے ہیں اور کچھ بھی نہیں ہے۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔