ویب ڈیسک:بانی پی ٹی آئی نے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کروانے کیلئے اسلام ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ذاتی معالجین سے علاج کرانا بانی پی ٹی آئی کا حق ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین جوانی کے دور سے ان کا علاج کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کے بارہا احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ ذاتی معالجین کو چیک اپ کی اجازت نہیں دے رہی، ذاتی معالج سے علاج کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 9 حق زندگی کے برخلاف ہے، ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینے سے بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بدقسمتی سے دیگر سیاسی قیدیوں کو جیل میں وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا جاتا ہے، جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے بھی تیار نہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذاتی معالجین کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے 15 روزہ شیڈول ترتیب دیا جائے، مستقبل میں بھی ذاتی معالجین کو بلا روک ٹوک بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں وزارت داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔