ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرنیٹ سپیڈ کی سست روی اور فائر وال انسٹالیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر تک جواب طلب کرلیا ۔
چیف جسٹس عامر فاروق نےسینئر صحافی حامد میر کی درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آج کل انٹرنیٹ سست ہو گیا ہے؟ اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟ کون سی وزارت اس سے متعلقہ ہے، پتہ چلے کہ انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی کی وجہ کیا ہے؟ اس متعلق پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے؟ ۔
ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی اے اس معاملے پر خاموش ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریماکس دیے کہ سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری میں سے کس کو بلائیں؟
ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کیا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس کو بلائیں گے جو اس معاملے کا علم رکھتا ہو اور عدالت کو بریف کر سکے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی، پٹیشنر کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔