نگران وزیراعظم 22 ستمبر کو  جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے  

نگران وزیراعظم 22 ستمبر کو  جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے  
کیپشن: The Caretaker Prime Minister will address the General Assembly on September 22

ایک نیوز :  اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول جاری ہو گیا ہے جس کے مطابق  نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 22 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
  نیویارک میں آجکل اقوام متحدہ کی جانب سے اگلے ماہ ہونے والے جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ 

رواں سال ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس کا ماٹو “اعتماد کی تعمیر نو اور عالمی یکجہتی کی بحالی” رکھا گیا ہے۔ 78 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نومنتخب صدر ڈینس فرانسس کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کا آغاز 5 ستمبر بروز منگل سے ہو جائے گا تاہم جنرل اسمبلی کا “ہائی لیول ویک” 19 ستمبر سے شروع ہو کر تا 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ جس سے ممبر ممالک خطاب کریں گے۔ 
اس سلسلے کی سب سے اہم کڑی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ممبر ممالک کا شیڈول ہوتا ہے۔ جو اب اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کا باقاعدہ ہائی لیول اجلاس 19 ستمبر کو شروع ہو کر 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے روزانہ دو سیشن ہوں گے۔ پہلے سیشن کے اوقات صبح 9 بجے سے لیکر دن 2:45 تک جبکہ دوسرا سیشن سہ پہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک ہو گا۔ دونوں سیشنز سے روزانہ اوسطاً  پنتیس سے چالیس ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے۔