ایک نیوز: اسلام آباد، ملتان اور پشاور ایئر پورٹس سے منشیات دوحہ لے جاتے ہوئے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے منشیات دوحہ لے جانے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے ملتان سے دوحہ جانے والے مسافر سے 1.170 کلو گرام آئس ہیروئن، اسلام آباد سے دوحہ جانے والے مسافر سے 810 گرام جبکہ پشاور سے دوحہ جانے والے مسافر سے 2.73 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔
مسافر محمد ابرار نے ملتان ایئرپورٹ پر ہیروئن بیگ کی لائننگ میں جبکہ محمد راشد علی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیگ کی تین تہوں میں اور محمد نعمان نے پشاور ایئرپورٹ پر منشیات بیگ کی تہہ میں کمال مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔