ایک نیوز:اسلام آباد کے تھانہ ترنول پولیس نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو گرفتارکرنے کی تصدیق کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایمان مزاری کوان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا گیا ہے۔اس سے قبل شیریں مزاری نے دعویٰ کیا تھا کہ خواتین پولیس اور سادہ لباس افراد ایمان مزاری کو گھر سے اغوا کر کے لے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اہلکار پورے گھر میں ادھر ادھر پھرتے رہے، ایمان اپنے کمرے میں سو رہی تھی، اہلکاروں نے انہیں کپڑے بھی تبدیل نہیں کرنے دیے۔
شیریں مزاری نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ خواتین پولیس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار ہمارے سکیورٹی کیمرے، ایمان کا لیپ ٹاپ اورفون بھی لے گئے ہیں۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ گھر میں صرف دو خواتین رہتی ہیں، ہمیں وارنٹ بھی نہیں دکھائے گئے۔