ایک نیوز: کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار اور ایک سیاسی جماعت کے کارکن کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے شرافی گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار زاہد شیر محمد جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکار زاہد شیر محمد اپنے گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، طبی امداد کیلئے اسپتال منتقلی کے دوران زخمی اہلکار نے دم توڑ دیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکار زاہد شیر محمد فارن سکیورٹی سیل میں تعینات تھا، واقعہ دشمنی معلوم ہوتا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن، عابد آباد میں فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مقامی رہنما جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان، یوسی 31 کے نائب صدر پیپلزپارٹی رہنما شوکت حماد کو اپنے گھر کے سامنے گولیاں مار کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا پھر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا ہے، عینی شاہد کے بیان کے بعد ہی واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے، مقتول علاقے میں اچھی شہرت کا حامل تھا۔