ایک نیوز :پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں18مسافر جاں بحق ہوگئے ۔
کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں آتشزدگی سے18 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے۔
حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر فہد نے بتایا کہ 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، حادثے میں بس اور پک اپ وین کا ڈرائیور بھی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں،حادثے میں 18 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ15 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعےہوسکےگی، زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد کےاسپتال منتقل کیاگیا ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پک اپ میں ڈیزل کےڈرم رکھےہوئےتھےجس کی وجہ سےبس میں آگ لگی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافر بس میں35 سے 40 مسافر سوار تھے، 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں، زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، اچانک گاڑی سے ٹکر کے بعد بس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا تھا۔
اس سے قبل ڈی ایس پی احسان ظفر نے حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل آباد موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کےقریب پیش آئےحادثےمیں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ حادثےمیں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
پولیس کے مطابق صبح سوا 4 بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس کی ٹکر ہوئی، جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی ، دونوں گاڑیاں جل کر مکمل تباہ ہو گئیں، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی۔
ایم ایس پنڈی بھٹیاں اسپتال کا کہنا ہے کہ 11افرادکی لاشیں اور 15 زخمیوں کوپنڈی بھٹیاں اسپتال لایاگیا، 4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے الائیڈاسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے موٹروے ایم -4 بس حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے متعلقہ این ایچ ایم پی کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ pic.twitter.com/1cu4owxJBa
— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) August 20, 2023
حادثے کے بعد آئی جی موٹروے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر آئی جی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 مسافروں کو زندہ ریسکیو کرلیا ہے، جبکہ حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
بس حادثے کی وجوہات کا تعین ضروری ہے، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ بس حادثے کی وجوہات کا تعین ضروری ہے۔
مریم نواز نے فیصل آباد موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کے تصادم کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ واقعے پر انتہائی دکھ ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں شامل ہیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر دے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ بس حادثے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔