ایک نیوز : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
جیل حکام نے علیمہ خان کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔جیل حکام کا کہنا ہے عدالتی حکم اور جیل مینوئل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کروائی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عدالت نے ان سمیت بشریٰ بی بی، ڈاکٹر عظمیٰ، ڈاکٹر فیصل اور 5 وکلا کو جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنےکی اجازت دی۔
انہوں نے کہا کہ جیل حکام کی جانب سے دو بار بشریٰ بی بی اور ایک، ایک بار دو وکلا کو ملنے دیا گیا۔ اس بات پر تشویش ہے کہ مجھے بھائی سے کیوں نہیں ملنے دیا جا رہا، جیل سپرنٹنڈنٹ اپنی مرضی کر رہا ہے۔
دوسری طرف جیل حکام کا کہنا ہے کہ عدالت کےحکم اور جیل مینوئل کے تحت ملاقاتیں کروائی جا رہی ہے، بشریٰ بی بی کی ان کے شوہر سے دو بار ملاقات کروائی گئی ہے۔