ایک نیوز نیوز: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سکیورٹی دینے سے معذرت کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں سکیورٹی وجوہات پرکئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے، قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق زیرو پوائنٹ سے ایف 9 پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سکیورٹی رسک بن سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا بروقت جواب بھجوا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی اجازت نہ ملنےکے باوجود پی ٹی آئی کارکنان زیرو پوائنٹ پر جمع ہوگئے جس سے عام شہریوں کو سفرکرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی نے آج زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، خط کے متن کے مطابق عمران خان نے ریلی کی قیادت کرنا ہے۔