ایک نیوز نیوز: وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف بھرپور ایکشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تشدد، توڑ پھوڑ اور ماورائے قانون سرگرمیوں پر 11ایم پی ایز کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
کرنل ر ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پولیس قواعد و ضوابط کے مطابق سرچ وارنٹ کے ساتھ ان کی گرفتاریوں کے لیے کارروائی کر رہی ہے، جن پولیس افسران نے 25 مئی اور ضمنی انتخابات کے دوران اختیارات سے تجاوز کیا انہیں انکے عہدوں سے ہٹا کر کلوز کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ پنجاب نے بتایا کہ سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت کئی اضلاع کے افسران کو عہدے سے ہٹایا گیا، 4 ایس پیز اور 7 ڈی ایس پیز کو معطل کیا جا چکا ہے اور انکے خلاف ہائی لیول انکوائری جاری ہے، 30 انسپکٹرز کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا، محکمانہ کارروائیوں کے بعد نوکریوں سے برخاست کیا جارہا ہے۔
وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں خواتین کارکنوں پر بندوق تاننے والے سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کیا جاچکا ہے، ہائی لیول انکوائری کی رپورٹ ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تمام اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اٹھائے گی، آئندہ کوئی بھی افسر سیاسی وفاداری کی خاطر ماورائے قانون اقدام اٹھانے کی غلطی نہ کرے، اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔