ایک نیوز نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان بلے باز اعظم خان کو کریبین کرکٹ لیگ کا این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے۔
جس پر سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اعظم خان کے والد معین خان نے پی سی بی سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معین خان کا کہنا ہے پی سی بی یہ دوہرا معیار اپنا رہی ہے۔ پی سی بی نے دیگر کھلاڑیوں کو لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ جبکہ اعظم خان کو پہلے ورلڈ کپ کے اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے اور اب لیگ کھیلنے کیلئے این او سی جاری کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ این او سی جاری نہ کرنا کرکٹرکا معاشی قتل ہے۔
پی سی بی نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کریبین لیگ 1 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے جبکہ 30 اگست سے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو رہا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اعظم خان کے مستقبل کو دیکھ کر کیا گیا ہے۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ اعظم خان اپنی فٹنس پر دھیان دیں اور قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپسی کی راہیں ہموار کریں۔