ایک نیوز نیوز: صومالیہ کے دارالحکومت موگا دیشو میں مسلح حملہ آوروں کی جانب سے ایک ہوٹل پر حملہ کیا گیا۔ حملہ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہوٹل کے باہر بھی 2 کار بم دھماکے کیے تھے۔ جس کے بعد وہ فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہو گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے فی الحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
صومالیہ کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کے ذریعے پہلے دارالحکومت کے نجی ہوٹل حیات کے باہر دھماکے کیے اس کے بعد وہ ہوٹل میں داخل ہو گئے۔
حملہ آوروں نے ایک گاڑی ہوٹل کے راستے میں کھڑی کی جسے رکاوٹوں کیلئے استعمال کیا گیا جبکہ دوسری گاڑی ہوٹل کے دروازے پر کھڑی کی گئی۔
انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے ذیلی دہشتگرد گروہ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
واضح رہے کہ حیات ہوٹل صومالیہ میں اعلیٰ ترین سیاسی اور حکومتی شخصیات کی ایک پسندیدہ جگہ سمجھی جاتی ہے۔ القاعدہ کے ذیلی دہشتگرد گروہ الشباب کے دہشتگردوں کی جانب سے 2020 میں موگا دیشو ہی کے ایک اورہوٹل پر حملے کے دوران 16 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔