ایک نیوز:خیبرپختونخوااوربلوچستان میں بارشوں نےتباہی مچادی،مختلف حادثات میں 61افرادجاں بحق جبکہ 70زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے باعث صوبہ خیبرپختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کےمطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 46 افرادجاں بحق جبکہ 60 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونےوالوں میں 25 بچے 12 مرد اور 9 خواتین جبکہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہے ۔
رپورٹ کےمطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 436 گھروں کو مکمل جبکہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے۔
رپورٹ کےمطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم نے حالیہ بارشوں میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد اور امدادی سرگرمیوں کے لیے 110 ملین روپے جاری کیے۔اس کے علاوہ قبائلی اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اےکاکہناہےکہ مالی معاونت کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع سوات، چترال لوئر ،باجوڑ، کوہستان لوئر، پشاور، نوشہرہ، مہمند، دیر اپر، ٹانک، شانگلہ، تورغر اور ڈی آئی خان کو امدادی سامان بھی فراہم کر دیا گیا۔امدادی سامان میں خیمے، چٹائیاں،کچن سیٹس،کمبل، بستر،ترپال، سولر لیمپس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہے، پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
رپورٹ کےمطابق بارشوں کا سلسلہ 21 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان، پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے سے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا تھا ۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں حالیہ بارشوں سےہونےنقصانات کےحوالےسےبھی پی ڈی ایم اےنےرپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کےمطابق پی ڈی ایم اے و ضلعی انتظامیہ چمن کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہے ، متاثرہ لوگوں کو بروقت ریلیف پہنچانے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لئے کام جاری ہے ، صوبے میں بارش و آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے اموات 15 اور 10افراد زخمی ہوئےہیں ۔80 سے زائد مکانات مکمل اور 200سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔
رپورٹ کےمطابق پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ گوادر،جی ڈی اے کی ٹیمیں گوادر،جیونی،پسنی میں نکاسی آب آپریشن کر رہی ہیں ،ضلع چاغی میں انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ کوئٹہ شہر و مضافات میں پی ڈی ایم اے و میونسپل کارپوریشن کوئٹہ کی ٹیمیں نکاسی آب کے لیے کام کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک صوبے میں موسم نارمل متوقع ہے اور کوئی بڑی بارش کا سلسلہ متوقع نہیں ہے۔