ایک نیوز:ملک بھر میں جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں پانچویں بار30 اپریل تک توسیع کر دی گئی، اب تک 23 کروڑ 53 لاکھ 88 ہزار افراد کا شمار کر لیا گیا ہے۔
عید تعطیلات کی وجہ سے فیلڈ آپریشن میں وقفہ کیا گیا، مردم شماری کا فیلڈ آپریشن 21 سے 25 اپریل تک روک دیا گیا، راولپنڈی اسلام آباد سمیت 19 اضلاع میں مردم شماری کا کام مکمل ہونا باقی ہے۔
ترجمان ادارہ شماریات سرور گوندل کے مطابق کراچی، حیدر آباد اور کوئٹہ میں بھی تاحال مردم شماری مکمل نہ ہو سکی، 26 اپریل کو مردم شماری کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ملک بھر میں اب تک 23 کروڑ 53 لاکھ 88 ہزار افراد کا شمار کیا جا چکا ہے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 60 لاکھ 34 ہزار 900 افراد کا شمار کیا گیا۔
صوبہ سندھ میں5کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 853افراد کا شمار کیا گیا۔
کے پی میں 3 کروڑ 92 لاکھ 43 ہزار سے زیادہ جبکہ بلوچستان میں ایک کروڑ 92لاکھ 55 ہزار 648 افراد کی گنتی کی گئی۔
بڑے شہروں میں سے کراچی میں اب تک ایک کروڑ 65 لاکھ سے زائد جبکہ لاہور میں ایک کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ افراد کا شمار کیا جاچکا ہے۔
ترجمان وفاقی ادارہ شماریات سرور گوندل نے بتایا کہ 21 سے 25 اپریل تک عیدالفطر کی پانچ تعطیلات کے بعد 26 اپریل سے مردم شماری کا فیلڈ ورک دوبارہ شروع کرکے اسی ماہ باآسانی مکمل کرلیا جائے گا، فیلڈ ورک مکمل کرنے کی اصل ڈیڈ لائن یکم اپریل تھی جس میں اب تک پانچ بار توسیع کی جا چکی ہے۔