صدر مملکت کا نگران حکومتوں کے زائد قیام کی قانونی حیثیت پر اظہار تشویش

Apr 20, 2023 | 20:22 PM

ایک نیوز : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگران حکومتوں کے 90 دن سے زائد عرصے سے قیام کی قانونی حیثیت پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صد فواد چوہدری کا ارسال کردہ خط اضافی نوٹ کے ساتھ وزیر اعظم کو بھیج دیا۔

 خط میں صدر مملکت نے وزیراعظم سے سابق وفاقی وزیر کے اٹھائے گئے مسائل پر غور کرنے کا کہا۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتوں کو ہٹانے کےلیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتوں کی مدت کی تکمیل کے معاملے پر سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کی۔
درخواست سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور سابق چیف منسٹر خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ نگراں وزرائے اعلیٰ کو اختیارات کے استعمال سے فوری روکنے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں عدالت سے اپنی نگرانی میں پنجاب، کے پی میں امور چلانے کا طریقہ کار وضع کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔ وفاق کو وزارت داخلہ، وزارت خزانہ اور وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹریز کے ذریعے فریق بنایا گیا۔
درخواست میں صدر مملکت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹریز، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ کو بھی فریق بنایا گیا۔
پرویز الہٰی اور محمود خان کی درخواست میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا۔
درخواست میں اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں حکومتوں کی تشکیل کے حقائق شامل ہیں، ساتھ ہی دستور پاکستان اور انتخابی قوانین کی متعلقہ بنیادوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں