نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے عہدے کا حلف لے لیا  

نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے عہدے کا حلف لے لیا  
کیپشن: The newly elected Prime Minister of Azad Kashmir took oath of office

ایک نیوز:آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم چودھری انوارالحق نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ منصفانہ طریقے سے چلیں تو ہم ریاست کی تقدیر بدل سکتے ہیں، گفتگو سے کبھی تبدیلی نہیں آتی، اپنے عمل سے ثابت کریں کہ آپ کا وژن کیا ہے۔میں نے آزاد حیثیت سے اور پی ڈی ایم کی حمایت سے انتخاب جیتا، جن کو ارب پتی ہونے کا دعویٰ ٰتھا انہوں نے جس بے حیائی سے ریاستی وسائل لوٹے، اس کا حساب ہوگا، خواہش ہے کہ جلد از جلد حکومت سازی کی جائے ۔

چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ یہ پی ڈی ایم کے ساتھ کولیشن گورنمنٹ ہے، پوری قوت سے اپنے کشمیری بھائیوں کا کیس پوری دنیا میں لڑیں گے۔

 کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا تاہم امکان ہے کہ اب عید کے بعد اسمبلی کا اجلاس ہوگا

یاد رہے کہ چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے 52 کے ایوان میں 48 ووٹوں کے ساتھ بلامقابلہ  وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

ووٹنگ میں پی ٹی آئی کے دو ارکان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا جبکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سردار حسن ابراہیم اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق بھی ووٹنگ کے عمل میں شریک نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت میں سزا سنائی تھی، عدالت نے انہیں عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔