ایک نیوز: پیسکو کے چیف انجنیئر طاہر کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری روکنے پر انہیں قتل کی دھمکیاں اور گھر والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی چوری کو روکنا پیسکو حکام کے لئے وبال جان بن گیا، جرم روکنے کی پاداش میں مبینہ طورپر نامعلوم افراد دھمکی آمیز کالز کرکے حکام کو دھمکا رہے ہیں۔پیسکو کے چیف انجنیئر طاہر کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل آئس اور کولڈ اسٹوریج کمپنی میں چھاپہ مار کر بجلی چوری پکڑی تھی جس کے بعد سے کمپنی کے مالک اقبال کی جانب سے مجھے دھمکی آمیز کالز آرہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ میں تمہیں نہیں چھوڑوں گا، تمہاری سپاری دے دی ہے۔ دھمکی آمیز کالز کے بعد میرے گھر آکر اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر ایس این ڈی آئی محمد شکیل نے تصدیق کی ہے کہ کوہاٹ میں اطلاع تھی کہ کارخانے میں چوری کی بجلی استعمال کی جارہی ہے اور کافی عرصہ سے کارخانہ چوری کی بجلی سے ہی چل رہا ہے۔کارخانے کے مالک کے خلاف تھانہ فقیر آباد میں ایف آئی آردرج کروائی گئی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو عارف محمود سدوزئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری بہت ہے اس کے باوجد رمضان کے دوران سحری اورافطاری کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری کرنے کی وجہ سےلوڈشیڈنگ کی جارہی ہیں، ریکوری میں مشکلات کا سامنا ہے۔