شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: 12 سال بعد پاکستانی وزیرخارجہ کا دورہ بھارت 

Apr 20, 2023 | 14:33 PM

 ایک نیوز :  دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو آئندہ ماہ انڈیا میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس چار اور پانچ مئی کو انڈیا کے شہر گوا میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ  بلاول بھٹو کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس اجلاس میں پاکستان کی شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور کام کے بارے میں پاکستان کے عزم اور اس اہمیت کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں خطے کو دیتا ہے۔

یہ کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کا 12 برس کے وقفے کے بعد انڈیا کا پہلا دورہ ہو گا۔ اس سے قبل سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سنہ 2011 میں انڈیا گئی تھیں۔ 

خیال رہے کہ سنہ 2014 کے بعد کوئی بھی پاکستانی رہنما انڈیا کے سرکاری دورے پر نہیں گیا۔ 2014 میں نواز شریف بطور وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

بلاول بھٹو کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت انڈیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جنوری میں دی گئی تھی۔

پاکستان اور انڈیا سنہ 2017 سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مستقل رکن ہیں۔ ماہرین کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم میں ممبر ممالک کو شرکت کی دعوت دینا میزبان ملک کے فرائض میں شامل ہوتا ہے اس لیے پاکستان کو اس میں شرکت کی دعوت دینا کوئی انہونی بات نہیں ہے۔

مزیدخبریں