عدلیہ آئین کی تشریح تو کرسکتی ہےدوبارہ تخلیق نہیں ، شہباز شریف

Apr 20, 2023 | 12:28 PM

ایک نیوز : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے، اسے ری رائٹ نہیں، آئین میں ترمیم کا اختیار صرف پارلیمان کا ہے، عدلیہ بینچ اور بار سے توقع ہے کہ وہ آئین کے محافظ بنیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آئین پاکستان 1973 کی موبائل ایپ کا اجرا کردیا۔

کانسٹی ٹیوشن موبائل ایپ کے اجراء کی تقریب ستے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان ایپ کا اجراء ایک خوشی کا موقع ہے، آئین پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں منتقل کردیا گیا ہے، نوجوان نسل ایپ کے ذریعے بھرپور استفادہ کرسکتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی سیاسی قیادت نے تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر آئین کی تخلیق کی، آئین کی پاسداری اور بالادستی کے لئے تمام اداروں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے، آئین کو ری رائٹ نہیں کرسکتی، آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، عظیم لوگ غلطیوں سے سیکھ کر آگے چلتے ہیں، بڑے لوگ خود کو قومی مفاد کے تابع کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، ریاست کو بچانے کے لئے اپنا سیاسی اثاثہ قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے، آئین کو ہر سطح پر نصاب کا حصہ ہونا چاہیئے، آئین کے نصاب کا حصہ بننے سے قوم کے بچے بچے کو آگاہی حاصل ہوگی، آئینی بحث و مباحثے سے قانون کی حکمرانی ہوگی۔

مزیدخبریں