خاتون کرکٹر سے نامناسب رویہ، سابق سری لنکن کرکٹر پر 20 سال کی پابندی عائد 

Sep 19, 2024 | 21:15 PM

ویب ڈیسک: کرکٹ آسٹریلیا نے خاتون کرکٹر کے ساتھ غیر مناسب رویے پر سابق سری لنکن کرکٹر اور وکٹوریہ ویمن ٹیم کے سابق کوچ دلیپ سمارا ویرا  پر 20 سال کی پابندی لگا دی۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ سمارا ویرا پر الزام ہے  کہ کرکٹ وکٹوریہ کے ساتھ منسلک رہنے کے دوران انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی اور وہ غیر مناسب رویے کے مرتکب قرار پائے گئے جس کی بنا پر ان پر پابندی لگائی گئی۔ 

رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ خاتون کرکٹر کے ساتھ غیر مناسب رویے پر سابق سری لنکن کرکٹر پر 20 سال کے لیے پابندی لگائی گئی ہے اور سابق کرکٹر کرکٹ آسٹریلیا یا ریاستی کرکٹ میں کوئی عہدہ نہیں سنبھال سکیں گے۔ 

کرکٹ وکٹوریہ کے سی ای او نے اپنے بیان میں کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹ وکٹوریہ تمام کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے پر یقین رکھتی ہے اور  غیر مناسب رویے کا شکار ہونے والی خاتون کرکٹر کے بولنے کی بہادری کو سراہتی ہے۔ 

واضح رہے کہ دلیپ سمارا ویرا نے 90 کی دہائی کے آغاز میں سری لنکا کے لیے 7 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز  کھیلے، انہوں نے 2008 میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کرکٹ وکٹوریہ کے ویمن پروگرام کو جوائن کیا۔ 

سمارا ویرا کو اس سال مئی میں وکٹوریہ کے ویمن ٹیم کا فل ٹائم کوچ مقرر کیا گیا مگر انہوں نے چند دن بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔  

مزیدخبریں