ارچنا سنگھ کا 'دی کپل شرما شو' میں اپنے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف

Sep 19, 2024 | 20:26 PM

ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے معروف کامیڈی شو ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ میں قہقہے لگانے کے بدلے ملنے والے معاوضے سے متعلق بتا دیا۔ 

حال ہی میں بھارتی میڈیا پر ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے شو ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کی کاسٹ کے معاوضے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کامیڈی شو میں قہقہے لگانے والی ارچنا پورن سنگھ نے شو کے پہلے سیزن میں ایک قسط کا معاوضہ 10 لاکھ بھارتی روپے وصول کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کے پہلے سیزن میں کپل شرما نے 5 کروڑ، سنیل گروور نے 25 لاکھ، کرشنا ابھیشیک نے 10 لاکھ، کیکو شاردا نے 7 لاکھ اور راجیو ٹھاکر نے 6 لاکھ روپے فی قسط معاوضہ لیا تھا۔

دوسری جانب ایک بھارتی شو کے دوران ارچنا پورن سنگھ سے پوچھا گیا تھا کہ ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ میں آپ کے ساتھی اداکار اس بات پر جلن محسوس کرتے ہیں کہ آپ کو شو میں صرف قہقہے لگانے کا معاوضہ دیا جاتا ہے؟

اس سوال کے جواب میں ارچنا پورن سنگھ کا کہنا تھا کہ شو کی دیگر کاسٹ کو مجھ سے دُگنا معاوضہ ملتا ہے، تو پھر سہی ہے نا، اُن لوگوں کو محنت کرنی چاہیے۔

ارچنا سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے شو میں صرف قہقہے لگانا کا معاوضہ ملتا ہے جبکہ دیگر کاسٹ کو اپنی محنت اور کام کی وجہ سے دُگنا معاوضہ ملتا ہے۔ 

مزیدخبریں