لاہور جلسے سے قبل کریک ڈاؤن، پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

Sep 19, 2024 | 15:55 PM

ویب ڈیسک:لاہور جلسے سے قبل تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ 

پولیس نے غازی آباد، شاہدرہ، ہربنس پورہ، ڈیفنس، اسلام پورہ، تاجپورہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے، شاہدرہ میں انجینئر یاسر گیلانی کے گھر اور کزن کی فارمیسی پر چھاپہ مارا گیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما حماد اعوان کے گھر پر چھاپہ مار کر بھائی اور کزن کو حراست میں لے لیا، پولیس نے صدر تحریک انصاف لاہور شیخ امتیاز کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم شیخ امتیاز گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہو سکے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے تمام ایس ایچ اوز کو 9 مئی میں ملوث بقیہ ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے تمام ڈویژنل ایس پیز کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے، ممکنہ جلسے کے لئے پولیس نے اپنا لائحہ عمل بھی تیار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق جلسے کا مقام فائنل ہونے پر حتمی سکیورٹی کا فیصلہ کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے پر سکیورٹی ڈیوٹی لگائی جائے گی، ممکنہ جلسے کے پنڈال کے داخلی دروازوں پر کیمروں سے ریکارڈنگ کی جائے گی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے داخلی دروازوں پر تعینات اہلکاروں کے پاس 9 مئی میں مطلوب ملزمان کی تصاویر اور ڈیٹا موجود ہو گا۔   

مزیدخبریں