لبنان میں پیجرز کے بعد اب واکی ٹاکیز پھٹ پڑے، 3افراد جاں بحق

لبنان میں پیجرز کے بعد اب واکی ٹاکیز پھٹ پڑے، 3افراد جاں بحق
کیپشن: After the pagers in Lebanon, now the walkie-talkies exploded, 3 people died

ویب ڈیسک:لبنان میں گزشتہ روز پیجر ڈیوائسز دھماکوں کے بعد واکی ٹاکی سیٹ میں دھماکے ہوگئے جن میں 3افراد جاں بحق ہوئے۔

لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ واکی ٹاکیز میں دھماکے لبنان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بھی ہوئے ہیں، واکی ٹاکیز دھماکوں میں 3 لبنانی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب حزب اللّٰہ ذرائع نے عرب میڈیا کو بتایا کہ بیروت میں حزب اللّٰہ ارکان کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں دھماکے ہوئے، بیروت میں دو گاڑیوں میں رکھی واکی ٹاکی ڈیوائسز میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے جنازوں میں شریک افراد کے ساتھ فون میں ہوئے، دھماکوں سے گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

لبنان کی حکومت اور حزب اللہ نے واکی ٹاکیز دھماکوں کی ذمہ داری بھی اسرائیل پر عائد کی ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ایرانی حمایت یافتہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے ارکان کے زیر استعمال پیجرز کو ہیک کرکے انہیں چھوٹے بموں میں تبدیل کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔