سعودی ولی عہد کےدورہ پاکستان کی نئی تاریخ سامنے آگئی

Sep 19, 2023 | 22:47 PM

ایک نیوز :سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کےدورہ پاکستان کی نئی تاریخ سامنے آگئی۔
ذرائع کےمطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انتہائی اہم  دورہ پاکستان اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔
سعودی ولی عہد نے حال ہی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کیااطلاعات تھیں کہ سعودی رہنما اسلام آباد میں مختصر قیام کر یں گے لیکن بعد میں  انہوں نے یہ منصوبہ ملتوی کر دیا تھا۔ذرائع کےمطابق دفتر خارجہ نے مشورہ دیا کہ سعودی ولی عہد چند گھنٹوں کے لیےرکنے کے بجائے بہتر ہے کہ انہیں ایک الگ دورے کی دعوت دی جائے ۔

 ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ دونوں فریق دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ توقع ہے کہ سعودی فرمانروا اکتوبر کے پہلے ہفتے میں دورہ کر سکتے ہیں۔ سعودی ولی عہد کے ممکنہ دورے کے باعث نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنا دورہ سعودی عرب ملتوی کر دیا۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل وہ سعودی عرب کا سفر کرنے والے تھے۔

پاکستان کو سعودی ولی عہد کے آنے والے دورے سے بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ حکام کو یقین ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ایم بی ایس کے دورے کے دوران دونوں جانب سے سرمایہ کاری کے بڑے منصوبوں کا اعلان متوقع ہے۔اس  منصوبے میں گوادر میں آئل ریفائنری کا قیام بھی شامل ہے۔اس منصوبے کا اعلان پہلی بار فروری 2019 میں ایم بی ایس کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔ تاہم پی ٹی آئی حکومت اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے باعث مزید کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

مزیدخبریں