ملائیشیا کی باٹک ایئر کا کراچی سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

ملائیشیا کی باٹک ایئر کا کراچی سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان
کیپشن: Malaysia's Batik Air announced to start flights from Karachi

ایک نیوز :ملائیشیا کی فضائی کمپنی باٹک ایئر نے پاکستان میں اپنے آپریشن میں اضافے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کراچی سے کوالالمپور کے لیے تین پروازیں شروع کی جائیں گی۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق باٹک ایئر کی پرواز او ڈی 135 کوالالمپور سے ہر منگل، جمعرات اور سنیچر کی رات سات بج کر 45 منٹ پر کراچی پہنچے گی، اور انہی تین ایام میں کراچی سے پرواز او ڈی 136 رات آٹھ بج کر 45 منٹ پر کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گی۔
رواں برس اکتوبر سے شروع ہونے والے آپریشن میں باٹک ایئرلائن میں سفر کرنے والے طلبا اور بڑے گروپس کو ٹکٹ کی خریداری میں رعایت بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملائیشیا کی باٹک ایئرلائن لاہور سے کوالالمپور کے لیے روز ایک پرواز آپریٹ کر رہی ہے۔
باٹک ایئر اور لاین گروپ کے ڈائریکٹر داتک چندرن راما مُتھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سب بڑا شہر کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی سے برائے راست کوالالپمور کی پرواز سے جہاں ایئرلائن کو فائدہ ہو گا، وہیں اس روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو بھی ایک اچھا آپشن ملے گا۔
انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ باٹک ایئر میں سفر کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔کراچی اور کوالالمپور کے درمیان پرواز بوئنگ 737-800 طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی، جس میں 12 بزنس کلاس اور 150 اکانومی کلاس سیٹیں ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ مسافر اپنے سفر کے دوران زیادہ سے زیادہ آرام سے لطف اندوز ہوں، باٹک ایئر میں سفر کرنے والے مسافر بکنگ کے وقت کھانوں کا انتخاب اور رعایتی نرخوں پر اضافی سامان الاؤنس بھی حاصل کر سکتے ہیں۔