فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا اختتامی منظر  ایوارڈ کیلئے منتخب

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا اختتامی منظر  ایوارڈ کیلئے منتخب
کیپشن: The ending scene of the movie 'The Legend of Moula Jat' was selected for the award

ایک نیوز :پاکستانی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے اختتامی منظر کو امریکی اسٹنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ 

ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز کے اعلامئے کے مطابق بلال لاشاری کی فلم کا منظر ’بیسٹ فائٹ سین‘ کی کیٹیگری کیلئے شارٹ لسٹ ہوا ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا اختتامی لڑائی والا منظر مولا جٹ اور نوری نت کے درمیان ہوا تھا جسے فواد خان اور حمزہ عباسی نے کامیابی کے ساتھ ادا کیا تھا۔فلم کے اس منظر کو اسٹنٹ ماسٹر ایان وان ٹیمپرلے نے اپنی نگرانی میں کروایا تھا جبکہ پاکستانی فلم کے مقابلے میں دیگر فلموں ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ اور ’دی گرے مین‘ بھی منتخب ہوئی ہیں۔ہالی وڈ کی متعدد بلاک بسٹر فلمیں ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وڈ، کنگز مین، فاسٹ اینڈ فیوریئس 6، انسیپشن اور ایوینجرز یہ اسٹنٹ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اپنی آمد کے ساتھ ہی پوری دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کیے جبکہ یہ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم کا اعزاز بھی اپنے پاس رکھتی ہے۔