ایک نیوز :ضلع کچہری لاہور نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے 2مقدمات میں سابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کا جوڈیشل ریمانڈ منظورکرلیا۔
عدالت نے اینٹی کرپشن کی صدرپی ٹی آئی پرویزالٰہی کے جسمانی ریمانڈدینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں بوگس بھرتیوں کرنے میں اختیارات کا غیر قانونی استعمال ، دوسرا محمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکرٹری تعینات کرنے میں اختیارات کا استعمال کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ اینٹی کرپشن نے دونوں مقدمات میں چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کررکھی تھی۔
کمرہ عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی کسٹڈی پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے وکلا کا موقف تھا کہ عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا پرویزالٰہی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے جبکہ اینٹی کرپشن کا موقف تھا کہ مذکورہ مقدمے میں پرویزالٰہی کاجوڈیشل ریمانڈ منظور ہوا ان کو لاہور جیل منتقل کیاجائے۔