لاپتہ امریکی جنگی طیارے کا ملبہ مل گیا

Sep 19, 2023 | 17:25 PM

ایک نیوز :لاپتہ ہو نیوالے امریکی جنگی طیارے کا ملبہ مل گیا۔
امریکی فوج کے مطابق جنگی جہاز ایف پینتیس بی لائٹنگ دوم کے مختلف حصے ریاست جنوبی کیرولائنا سے ملے ہیں ۔ یہ طیارہ اتوار سے لاپتہ تھا، جب اس کے پائلٹ نے ایک ’حادثے‘ کے سبب خود کو جہاز سے باہر نکال لیا تھااور طیارے کو آٹو موڈ پر لگا دیا تھا ۔
فوجی حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا، ’’کمیونٹی کے ارکان کو اس علاقے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ امدادی ٹیم طیارے کے ملبے والے علاقے کو محفوظ بنانے میں مصروف ہے۔ بیان کے مطابق جوائنٹ بیس چارلسٹن نے مقامی حکام کے ساتھ قریبی ہم آہنگی سے کام کرتے ہوئے ولیمزبرگ کاؤنٹی کے ایک میدان میں اس طیارے کے ملبے کا پتہ چلا لیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی سہ پہر ایک نامعلوم تکنیکی خرابی کے بعد اس طیارے کے پائلٹ نے خود کو اس ہوائی جہاز سے ایجیکٹ کر لیا تھا اور یوں امریکی فوج نے 80 ملین ڈالر مالیت کے اپنے اس اسٹیلتھ طیارے سے اپنا رابطہ کھو دیا تھا۔حکام نے بعد میں لاپتہ طیارے کی تلاش میں مدد کے لیے عوام سے بھی رجوع کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس کی تلاش میں مدد کریں۔

مزیدخبریں