ایک نیوز: پیر کو سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے پر دیے گئے کینیڈین وزیراعظم کے بیان کے بعد کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے بھی بیان جاری کردیا ہے جس میں انہوں نے ایک اعلیٰ بھارتی سفارت کار کو ملک بدر کرنے تصدیق کی ہے۔
میلانیا جولی نے ایک بیان میں کہا کہ ’(یہ) الزامات کہ ایک غیر ملکی حکومت کا نمائندہ یہاں کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہو سکتا ہے… نہ صرف پریشان کن ہیں بلکہ مکمل طور پر ناقابل قبول بھی ہیں۔‘
میلانیا نے کہا کہ ’اگر یہ درست ثابت ہو گیا تو یہ ناصرف ہماری خودمختاری بلکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح پیش آتے ہیں اس کے بنیادی اصول کی خلاف ورزی بھی ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب سے معاملہ ہماری توجہ میں لایا گیا تب سے ہی ہم واضح کر چکے ہیں کہ ہم کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے‘۔
کینیڈین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہندوستانی ہم منصب کو کہہ دیا ہے کہ کینیڈا ہندوستان سے مکمل تعاون کی توقع رکھتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ہم اس کی تہہ تک پہنچیں۔