ایک نیوز: ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے دستے کی فضائی مشق شاہین-10 میں کامیاب شرکت کے بعد وطن واپسی ہوگئی ہے۔ پاک فضائیہ کے دستے میں شامل جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں، لڑاکا پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی گراؤنڈ عملے نے مشق میں بھرپور شرکت کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ شاہین 10 مشق، دونوں اتحادی ممالک کی جانب سے حقیقت پر مبنی عصر حاضر کی فضائی جنگ کے تناظر میں باہمی کارروائیوں کی توثیق کا ذریعہ ہے۔ شاہین-10 مشق، شاہین فضائی مشقوں کی سیریز میں 10ویں مشق ہے۔
پاکستان اور چین کی جانب سے ہر سال متبادل بنیادوں پر شاہین فضائی مشق کی میزبانی کی جاتی ہے۔ پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے مابین فضائی مشقوں کا سلسلہ ایک پائیدار شراکت داری کا مظہر ہے۔
شاہین 10 مشقوں کی باہمی تعاون پر مبنی، جنگی بصیرت اور تربیتی اسباق کے تبادلے میں مدد ملتی ہے۔ مشق کا دونوں فضائی افواج کے جنگی عملے کے مابین مشترکہ کارروائیوں کے فروغ میں اہم کردار ہے۔
پاک فضائیہ کے عملے کی مہارت اور جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی زبردست جنگی صلاحیتوں کی بدولت پاک فضائیہ نے مشق میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
شاہین 10 فضائی مشقوں میں کامیاب شرکت، پاک فضائیہ کے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ مشق شاہین 10 میں کامیاب شرکت، پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی جنگ کے حوالے سے رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں اہلکاروں کی آپریشنل تربیت کے عزم کا اظہار ہے۔