ایک نیوز: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ سندھ میں عام انتخابات کے حوالے سے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اور سیکرٹری کمیشن سے الگ الگ ملاقات ہوئی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے۔ ایم کیو ایم نے نگران وزیر اعلی سندھ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ آج ہم نے الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا کہ سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں حلقہ بندیوں پر بھی تحفظات ہیں۔ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق بے یقینی کم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ میڈیا کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی تیاریوں سے لگتا ہے کہ ملک میں کل الیکشن ہونے والے ہیں۔
ان کے مطابق سندھ میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات وزیر اعلی اور وزیر اعلی ہاؤس کے پاس ہیں۔ سندھ میں آج بھی گذشتہ پندرہ سال کا تسلسل ہے۔ نگران وزیر اعلی سندھ اگر اسی طرح معصومیت سے چلتے رہے تو انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا کہ غیر جانبداری کب جانبداری میں بدل جائے گی۔
فاروق ستار نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ جو ہمیں انصاف دینے کے حوالے سے ہمارا صبر آزما رہے ہیں ان کے لیے یہ شعر ہے۔
ابھی غنیمت ہے صبر میرا
ابھی لبا لب بھرا نہیں ہے
وہ مجھے مردہ سمجھ رہا ہے
اسے کہو کہ میں ابھی مرا نہیں ہوں