ایک نیوز: پاکستان کے نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اس وقت یواین جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں۔ جہاں ان سے مختلف ممالک کے ہم منصبوں نے ملاقات کی ہے۔
نگران وزیرخارجہ سے نیدرلینڈ کے ہم منصب کی ملاقات:
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے یو این جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر نیدرلینڈ کے وزیر خارجہ ہانک بروئنز سلاٹ نے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان 75 سال پر محیط دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ڈیری، واٹر مینجمنٹ اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔
نیدرلینڈ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ جیلانی نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے ہالینڈ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی مسلسل حمایت کو سراہا۔ بعض یورپی ممالک میں اسلامو فوبک واقعات میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے گھناؤنے اقدامات ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے غافل ہیں اور انہیں آزادی اظہار کی آڑ میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے اپنے ڈچ ہم منصب پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ایسی اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ فریقین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیرخارجہ سے ڈنمارک کے ہم منصب کی ملاقات:
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ وزارتی سطح کی بات چیت کے تناظر میں، وزیر خارجہ جیلانی نے پاکستان کے لیے ڈنمارک کی اہمیت پر زور دیا۔ نگران وزیر خارجہ نے سیلاب زدگان کی امداد پر ڈنمارک کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان مشترکہ ایکشن پلان کے ذریعے گرین فریم ورک انگیجمنٹ معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دو طرفہ موضوعات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ جیلانی نے ڈنمارک کی حکومت کی جانب سے قرآن پاک اور دیگر مقدس کتابوں کو جلانے کو غیر قانونی قرار دینے کے بل کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔