لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں وقفے وقفےسےبارش، نشیبی علاقے زیر آب

Sep 19, 2023 | 11:46 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔

 تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹاؤن اور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، چونگی امرسدھو، قینچی، تاجپورہ، والٹن، فیروز پور روڈ، ریلوے سٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں بھی جم کر بادل برسے۔

مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور میں اب تک سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

لاہور میں صبح سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 168ملی میٹر  ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ لاہور ائیرپورٹ پر167، گلبرگ میں141، نشتر ٹاؤن میں150،  پانی والا تالاب میں41،گلشن راوی میں151 اور جوہر ٹاؤن میں 121ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

واسا حکام کے مطابق قرطبہ چوک پر101،اقبال ٹاؤن میں96 ملی میٹر،  مال روڈ پر 95اور لکشمی چوک پر 92ملی میٹر  بارش ریکارڈ ہوئی۔

موسلادھار بارش سےشہر کے نشیبی علاقے زیر آب

رات گئے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب گئے، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

علاوہ ازیں کاہنہ، اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔

صوبہ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ سیالکوٹ، لاہور، بہاولپور، وہاڑی، ملتان، خانیوال، شیخوپورہ، جہلم، گجرات، فیصل آباد اوررحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش امکان ہے،اس دوران بہاولپور میں چند مقا ما ت پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے الرٹ  

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے  الرٹ رہیں۔صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دی،شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں ۔بارشوں کا سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، صوبے کے مشرقی، شمالی اور وسطی اضلاع میں آج بارش ہوگی، ژوب، بارکھان، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ اور آواران میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزیدخبریں