ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدکو حراست میں لیے جانے پر رپورٹ طلب کرلی۔
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے آر پی او، سی پی او، آئی جی پنجاب اور وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ شیخ رشید کی حراست سے متعلق فریقین 22 ستمبر تک رپورٹ جمع کرائیں۔
درخواست میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او کو فریق بنایا گیا۔
شیخ رشید احمد کی حراست کے خلاف دائر درخواست گزشتہ روز سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ شیخ رشید احمد کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا، شیخ رشید کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ کوئی معلومات فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب پولیس نے شیخ رشید احمد کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی حراست میں لیاگیا تھا۔