سندھ: غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، سینکڑوں افراد گرفتار

Sep 19, 2023 | 09:07 AM

ایک نیوز: سندھ میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت پانی چوری میں ملوث 106 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 30 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے سندھ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پاک رینجرز اور پولیس کی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف مہم:

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی سپلائی لائین کو محفوظ بنانے کے لئے پاکستان رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔ واٹر بورڈ کے اشتراک سے پاکستان رینجرز سندھ نے 30 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل کیے۔ آپریشن میں 106 افراد کو پانی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ 

آپریشنزمنگھوپیر،ناظم آباد،اورنگی،ایوب گوٹھ،جنجل گوٹھ،گلزارِہجری، قیوم آباد اور جمشید کوارٹرز کے علاقے میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران واٹر بوزر ،موٹرز،  پائپس، کیبل سمیت واٹر پمپس سرکاری تحویل میں لئے گئے۔ اس سلسلے میں 21 ایف آئی آر بھی درج کی گئیں۔

صوبہ سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف آپریشن:

ستمبر 2021ء سے اب تک تقریباً 3432 غیر قانونی طور پر بسنے والے غیر ملکیوں کو گرفتارکیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف جرائم میں ملوث 843 غیر ملکی باشندے بھی گرفتار کیے گئے۔

حکومت کی ہدایات پر رینجرزکا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن:

غیرقانونی طورپر ذخیرہ کی گئی پیٹرول، چینی، گندم، کھاد سمیت دیگراشیاء خوردونوش برآمد کی گئیں۔

اندرون سندھ اور کراچی میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی چینی کی تقریباً 150,000 سے زائد بوریاں برآمد کی گئیں۔ 28 آپریشنز میں 74،589 لیٹرپیٹرول برآمد جبکہ 78 افراد گرفتار کیے گئے۔

حب چوکی سمیت کئی علاقوں سے ہزاروں لیٹر ایرانی پیٹرول برآمد کیا گیا۔ ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف 124مختلف آپریشنزکیے گئے۔ ان آپریشنز میں 355 افراد گرفتار، 82 ہتھیار اور 996 گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

بڑی وارداتوں میں ملوث رکشہ ڈکیت اور شمس ڈکیت گروپ سمیت 7 بڑے گروپوں کی خلاف آپریشنز کیے گئے۔

پاکستان رینجرز اور پولیس کے اشتراک سے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور دیگر علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کے ذریعے مجرموں کی تلاش جاری ہے۔

کندھ کوٹ میں رینجرزاور پولیس کے انٹیلیجنس بیسڈآپریشن میں دوآرمز ڈیلر گرفتار کرلیے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فلیگ مارچ جاری ہے۔

کچے کے علاقے میں آپریشن کے لئے حیدرآباد سے رینجرز کا اضافی ونگ گھوٹکی روانہ کردیا گیا۔

مزیدخبریں