لاپتہ شہری کی سوتیلی بیٹی نے خودکشی کرلی

لاپتہ ,شہری , سوتیلی بیٹی , خودکشی, پولیس ,نادرا، قتل
کیپشن: لڑکی خاکہ(فائل فوٹو)

ایک نیوز نیوز: کراچی کے علاقے کورنگی میں کئی برسوں سے لاپتہ شہری کی سوتیلی بیٹی نے خود کشی کرلی۔

 سندھ پولیس کے مطابق  20 سالہ کنول یونس نے ضیا کالونی میں واقع اپنے گھر میں خود کو پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا، لاش کو قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ایس ایچ او کورنگی عامر اعظم نے کہا کہ کنول یونس اس وقت سے مشکل صورتحال سے دوچار تھی جب سے اس کو گود لینے والا اس کا انکل چند برس قبل فرئیر تھانے کی حدود سے لاپتا ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 3 سے 4 روز قبل وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے حصول کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) کے مقامی دفتر گئی تھیں لیکن خاتون کو شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا تھا کیونکہ اس کے پاس اپنے سوتیلے والد کی کوئی ایسی دستاویزات موجود نہیں تھی جس کی بنیاد پر وہ لاپتا شخص کو اپنے والد/سرپرست کے طور پر ظاہر کرتی۔

پولیس افسر نے کہا کہ کنول کے سگے والد نے سی این آئی سی میں انہیں اپنے والد کے طور پر ظاہر کرنے کو کہا تھا لیکن اس نے شناختی دستاویز پر اپنے سوتیلے والد کا نام درج کرانے پر اصرار کیا، وہ پریشان تھی اور اتوار کے روز اس نے خودکشی کر لی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں نوجوان کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔