ایک نیوز نیوز: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انوشے اشرف نے بلوچستان اور گردو نواح کے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال اور متاثرین کی حالت دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انوشے اشرف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آر جے ڈینو علی اور موسیقار نتاشا بیگ کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کیا جس کی ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں انوشے اشرف نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہر وہ شخص ذمہ دار ہے جس کے لیے یہ صورتحال ٹھیک ہے،اس صوبے کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے، اس لئے ہم نے یہاں کا دورہ اولین ترجیح سمجھا، ہم اس کی حقیقت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔
انوشے اشرف نے لکھا کہ جیسا کہ توقع تھی، ہمیں ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ڈوبی ہوئی زمینیں، تباہ شدہ پل وغیرہ دیکھ کر دکھ ہوا، مجھے سب سے زیادہ دکھ ان لاتعداد بچوں کو دیکھ کر ہوا جو اپنے بڑوں کی کوتاہی سے متاثرہوئے،ہم نے ان کے مستقبل کے لیے کچھ بھی نہیں دیا، ان کے پاس پہننے کے لیے چپل بھی نہیں۔
View this post on Instagram
انوشے اشرف نے کہا کہ ہم لوگوں نے بحرانات کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے میں صرف حکومت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتی بلکہ میں خود کو بھی ذمہ دار سمجھتی ہوں ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آبادی میں اضافے، غربت، بیماری اور خراب صحت کی دیکھ بھال پر ہماری توجہ مرکوز ہونی چاہیے، ہم لوگ اس پر آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور وضاحت کرنے کے لیے وجوہات تلاش کرتے ہیں۔
اداکارہ نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ اگر آپ ان معاملات کو ٹھیک کرنے میں مدد نہیں کر سکتے تو ووٹ کے لیے ان کے پاس کیوں بھاگتے ہیں؟ درحقیقت ہم گہری نیند میں ہیں جبکہ خدا وقتاً فوقتاً آفتیں بھیجتا ہے تاکہ ہم جاگ سکیں۔
انوشے اشرف نے بتایا کہ وہ ایک کمپنی کے ساتھ وہاں گئے تھے جو امدادی سامان تقسیم کر رہی تھی جہا ں انہوں نے مل کر وڈھ کے گاؤں میں 2 ہزار 500 سے زیادہ راشن بیگ تقسیم کیے۔