ویب ڈیسک: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آج کوئی آئے یا نہ آئے 26 ویں ترمیم پاس ہو جائے گی، آجائیں گے تو عزتیں بچ جائیں گی، جس نے جو الزام لگانا ہے لگائے، الزامات پر کوئی وضاحت نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کےمطابق سینیٹ اجلاس میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا کہ اگر کوئی اجلاس میں آئے یا نہ آئے 26 ویں آئینی ترمیم پاس ہونے جارہی ہے، اگرآجائیں گے توعزت بچ جائے گی، نہیں آئیں گے توبھی آئینی ترمیم کا بل پاس ہو جائے گا لیکن پھرعزت نہیں رہے گی، ’’ہیرو سے زیرو ہونے میں دیر نہیں لگتی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا، اب کوئی وضاحت پیش نہیں کی جائے گی، جو ابھی سے رونا دھونا کر رہے ہیں تو جاؤ کوئی وضاحت نہیں ہے، آپ لوگ پریشان نہ ہوں ترمیم ہو گی، کوئی الزام قبول نہیں کیا جائے گا، سمجھتے ہوکہ اٹھایا گیا ہے تو جاؤ سمجھتے رہو، تشدد کیا ہے سمجھتے رہو!، پیسہ دیا ہے تو سمجھتے رہو، سمجھ کا ہمارے پاس کوئی حل نہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ان تمام الزامات پر کوئی وضاحت نہیں پیش کی جائے گی، ان کو پتا ہے کہ 26 ویں ترمیم ہونی ہے اس لیے انہوں نے رونے دھونے کیلئے پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔