ایک نیوز: چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی نے ڈپٹی رجسٹرار ، مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں آٹھ ججوں کی دوسری وضاحت کے معاملے پر ڈپٹی رجسٹرار مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی جبکہ ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار عمل درآمد کو وضاحت کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع سپریم کورٹ نے مزید بتایا کہ بغیر اوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر کیسے جاری ہوئی اس پر ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کی دوسری وضاحت
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی درخواست پر گذشتہ روز دوسری وضاحت جاری کی تھی۔
سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم عدالتی فیصلے کو غیر مؤثرنہیں کرسکتی، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا ماضی سے اطلاق سپریم کورٹ پرنہیں ہوسکتا۔
سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز نے اپنی وضاحت الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے جب کہ تفصیلی فیصلے کے بعد مزید وضاحت کی ضرورت نہیں تھی۔
وضاحت میں سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے وضاحت کے لئے رجوع کیا جو جاری کی گئی، سپریم کورٹ نے اپنی وضاحت کو تفصیلی فیصلے کا بھی حصہ بنایا۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننا آرٹیکل 189 کے تحت لازم ہے، تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن نے دوسری وضاحت کیلئے عدالت سے رجوع کیا جبکہ سپریم کورٹ نے ووٹر کے حقوق کی عمل داری کیلئے اپنے فیصلے میں ریلیف دیا۔