ایک نیوز :امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے اسرائیل اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اہم بیان دیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں حافظ سعد رضوی نے کہا کہ فلسطین اسرائیل جنگ پر مسلم ممالک کے سربراہان زبانی مذمت کے بجائے صیہونی دہشت گردوں کی مرمت کیلئے عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں، مظلوم فلسطینیوں کی آنکھیں برادر اسلامی ممالک کی طرف سے عسکری حمایت دیکھنے کو ترس رہی ہیں، قبلہ اؤل اور مسجد اقصیٰ کی حفاطت پوری امتِ مسلمہ پر فرض ہے۔
حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ عالمی برادری فلسطین کو آزاد ریاست اور بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرکے فلسطین میں امن کیلئے کردار ادا کرے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کوفوری روکنے کیلئے موثر اقدامات،خوراک اور طبی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے رابط کرکے فلسطین کے حالیہ حالات کو اُجاگر کریں۔
سعد رضوی نے مزید کہا کہ معاشی و سیاسی بحران کا حل جمہوریت اور آمریت میں نہیں اسلام پر چلنے میں ہے، وسائل پر قابض لوگوں کا احتساب نہ کیا گیا تو متوسط اور غریب طبقے کی زندگی مزید اجیرن ہوجائے گی،21 اکتوبر کو آنے والے عدالتی سزا یافتہ مفرور مجرم کی منزل جیل ہے، سرحدوں کی حفاطت کرنے والے جوان اور شہداء ہمارا فخر ہیں، اپنے آئینی اور قانونی حقوق کسی طاقت کو بھی چھیننے نہیں دینگے۔
سعد رضوی نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کا واحد حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے،عام انتخابات میں پورے ملک سے اپنے امیدوار کھڑے کرینگے، بروقت اور آئین و قانون کے مطابق انتخابات نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، اُمید ہے کہ نگران حکمران آئین و قانون کی حفاظت اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔