الیکشن کمیشن نے عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے

Oct 19, 2023 | 22:28 PM

ایک نیوز :الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے سپرنٹینڈنٹ جیل کو سابق وزیراعظم کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کردی جبکہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیے اور پولیس کو انہیں 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے سماعت کا تحریری آرڈر جاری کردیا۔تحریری آرڈر کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 24 اکتوبر کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے اور سپرینٹینڈنٹ اڈیالا جیل کو 24 اکتوبر کو عمران خان کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن کے آرڈر کے مطابق وکیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت جیل میں ہیں لیکن کارروائی آگے بڑھانے کے لیے عمران خان کی حاضری لازمی ہے۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، عمران خان 24 اکتوبر صبح 10 بجے صرف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد سابق وزیراعظم کو واپس جیل بھیج دیا جائے گا۔

تحریری آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کے فول پروف انتظامات کریں، عمران خان کے خلاف پیشی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

توہین چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانٹ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور پولیس کو فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں