نگراں وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات

Oct 19, 2023 | 22:14 PM

ایک نیوز :نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے، اس دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
چینی صدر اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے درمیان ملاقات کے موقع پر پاکستان چین کے وفود نے بھی شرکت کی۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ چین پاکستان کا تزویراتی شراکت دار ہے، پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے، چین کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان چین تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتی۔ چین پاکستان کا تذویراتی شراکت دار ہے، شی جن پنگ کی ویژنری قیادت میں پاکستان کے لیے بہت مواقع موجود ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں مدعو کرنے پر چینی قیادت کے مشکور ہیں، چین کی ترقی سب کے لیے بہترین مثال ہے، چینی صدر کی گزشتہ روز کی تقریر ان کے عظیم ویژن کی عکاس تھی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

مزیدخبریں