ایک نیوز :سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کے لیے مسلم لیگ (ن) نے نیا پارٹی ترانہ جاری کردیا۔
سابق وزیراعظم اور نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں کے سلسلے میں لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ترانے کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کا نیا ترانہ جاری کردیا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی ، حال اور مستقبل مسلم لیگ ن کا ہے، ملک میں ن لیگ سے بڑی کوئی جماعت نہیں، مخالفین کو پتہ ہے نواز شریف آئے گا تو ملک کا پہیہ چلے گا، نوازشریف کے مخالفین بھی نوازشریف کا راستہ دیکھ رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فلسطین کے نہتےعوام پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں، فلسطینیوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں مصیبت کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کی زندگی میں امید کا دن واپس لوٹ کر آرہا ہے، آپ نے شہبازشریف نوازشریف کا سر نہیں جھکنے دیا، ایک ماہ کے دوران ن لیگ نے یک جان ہوکر ایک جماعت ہوکر جذبے سے نوازشریف استقبال کی تیاری کی یہ نئی مسلم لیگ ن کا جنم ہوا ہے، عاجزی سے ایک بات کہنا چاہتی ہوں اللہ کا شکر ہے پاکستان کے پاس ن لیگ سے بڑی جماعت نہیں ہے۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے یہ بھی کہا کہ طاقتور آئیڈیالوجی ن لیگ کے پاس ہے گراس روڈ لیول ہے وہ کسی جماعت کے پاس نہیں، ماضی اور حال کی مسلم لیگ ن ہے اور رہے گی، مریم اورنگزیب نے شہبازشریف اور میری مشاورت سے نوازشریف کی آمد کے لیے آرٹیفیشل انٹلی جنس کا استعمال کیا ہے، ترانے میں پارٹی کے اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عاجزی سے کہوں گی نوازشریف کو مٹانے والے کئی آئے کئی گئے دنیا دیکھے گی نوازشریف کا عروج 21 اکتوبر کو ہوگا، ان کو دعوت دینا چاہتی ہوں جس نے نواز شریف کا بازو بن کر مشکل وقت میں نوازشریف کا پرچم بلند رکھا، جس طرح اپنے قائد بھائی سے وفا نبھائی ن لیگ آپ کو سلام پیش کرتی ہے، انکل نے جو وفا نبھائی ہے 21 اکتوبر وفا کے ثمر کا دن ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کرنا ہے، پوری قوم متحد ہوکر نوازشریف کا استقبال کرے گی، نوازشریف واپس آکر ترقی کا سفر شروع کریں گے۔